(ایجنسیز)
عربی زبان کی مشہور کہاوت ہے کہ ''ماں کی گود سے گور تک علم حاصل کرو''۔اس کہاوت کو ایک نوّے سالہ سعودی بزرگ عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔انھیں اس بڑھاپے میں علم کا ایسا شوق ہوا ہے کہ وہ ایک حادثے میں زخمی ہونے کے باوجود اپنی تعلیم کو مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
عوید راجہ العنجی نامی اس بزرگ کا تعلق سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے علاقے تیمہ سے ہے اور وہ علاقے میں قائم الجہرہ مرکز میں تعلیم بالغاں کی کلاس میں شرکت کررہے ہیں۔
انھوں نے
بتایا کہ حال ہی میں ایک کارحادثے میں وہ زخمی ہوگئے تھے اور ان کے پاؤں اور ایک ٹانگ میں شدید درد رہتا ہے لیکن وہ بڑھاپے اور اس درد کے باوجود علم کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں اور اپنی تعلیم مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی محکمہ تعلیم نے صوبہ تبوک کے دیہات میں ناخواندگی کے خاتمے کے لیے تعلیم بالغاں کی ایک مہم شروع کررکھی ہے جس کے تحت بڑی عمر کے افراد کو بنیادی تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جارہا ہے اور انھیں لکھنے اور پڑھنے کے قابل بنایا جارہا ہے۔